سری نگر…انفو…لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے شروع کی گئی قومی صحت مہم ’سواستھ ناری، سشکت پریوار ابھیان ۔ صحت مند خواتین، بااختیار خاندان‘ میں شرکت کی۔یہ 16 روزہ مہم خواتین، نوجوان لڑکیوں اور بچوں کے لئے صحت کے مختلف شعبوں میں خدمات کو مستحکم کرنے کا کام کرے گی جس میں سکریننگ، زچگی کی نگہداشت، یوگا، آیوش اور طرز ِزِندگی سے متعلق رہنمائی شامل ہیں۔اِس موقعہ پر آٹھویں راشٹریہ پوشن ماہ کا آغاز بھی ہوا جو 17 ستمبر سے 16 اکتوبر 2025 ءتک ملک بھر میں منایا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ اَدا کیا کہ اُنہوں نے خواتین کی صحت اور تندرستی کو فروغ دینے کے لئے یہ قومی مہم شروع کی۔اُنہوں نے کہا،”ایک صحت مند عورت خوشحال اور ترقی یافتہ کنبے کی بنیاد ہے جس کے نتیجے میں ایک مضبوط قوم بنتی ہے۔ آج عوامی زِندگی میں خواتین کا اعلیٰ مقام معاشرے میں امن اور ترقی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے۔“اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ہندوستان نے معاشی ترقی میں نمایاں پیش رفت کی ہے اور اب دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی معیشتوں میں شامل ہو چکا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقعہ پر زور دیا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی امن کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر طبقے کے لوگوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ دہشت گردی کی حمایت کرنے والے یا جھوٹے بیانیے گھڑنے والے اَفراد دراصل قومی ترقی کے دشمن ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ”وِکست بھارت“ کا خواب ”وِکست جموں و کشمیر“ کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا اور یہ اُسی وقت ممکن ہے جب ترقی کے فوائد عام آدمی تک پہنچیں۔اُنہوں نے عوامی شمولیت کو فروغ دینے کے لئے بڑے پیمانے پر بیداری مہم چلانے پر زور دیا اور کہا کہ سیلف ہیلپ گروپس اور آنگن واڑی سینٹروں کے ذریعے صحت کیمپوں کی تفصیلات عوام تک پہنچائی جائیں۔لیفٹیننٹ گورنرنے اس موقعہ پر ایک ہیلتھ کیمپ کا اِفتتاح بھی کیا، طبی آلات تقسیم کئے اور مشن یووا کے تحت اِستفادہ کنندگان کو منظوری نامے بھی حوالے کئے۔ ’سواستھ ناری، سشکت پریوار ابھیان‘ وزارت صحت و خاندانی بہبود اور وزارت خواتین و اطفال کی ایک اہم مشترکہ پہل ہے جس کا ہندوستان بھارت بھر میں خواتین اور بچوں کی صحت کے نظام بالخصوص معیاری خدمات اور بیداری کو فروغ دینے کو مضبوط بنانا ہے۔اِس ابھیان کے تحت ملک بھر میں ایک لاکھ سے زائد صحت کیمپوں کا اِنعقاد کیا جائے گا جو کہ اَب تک کی سب سے بڑی صحت رَسائی مہم ہوگی۔ یہ کیمپ آیوشمان آروگیہ مندرز، کمیونٹی ہیلتھ سنٹروں اور دیگر طبی اداروں میں منعقد کئے جائیں گے۔تقریب میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی مندیپ کور، کمشنر سیکرٹری سوشل ویلفیئر سرمد حفیظ، سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ، صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ،ڈپٹی کمشنر وزارتِ صحت ڈاکٹر شبھنا گپتا، مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم جے اینڈ کے بصیر الحق چودھری، دیگرسینئر افسران، خواتین اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے اَفراد موجود تھے۔






