جمو….انفو….وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے کہا کہ ایس ڈی ایچ سندر بنی میں 50 بستروں والے اضلافی بلاک کی تعمیر اور ڈائیلاسس یونٹ کے قیام جیسے اہم پروجیکٹوں پر جاری کاموں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جا رہی ہے تا کہ انہیں مقررہ وقت میں مکمل کیا جا سکے ۔ وزیرموصوفہ نے یہ بات آج ایوان میں قانون ساز رندھیر سنگھ کے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی ۔ اُنہوں نے ایوان کو آگاہ کیا کہ رواں مالی برس کے دوران تین پروجیکٹوں یعنی ایس ڈی ایچ سندر بنی پر 50 بستروں والے اضلافی بلاک کی تعمیر ، ایس ڈی ایچ سندر بنی پر ڈائیلاسس یونٹ کا قیام اور گورنمنٹ سی ایچ سی کالا کوٹ راجوری میں KLD 05 کی گنجائش والے ایفلیوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ( اِی ٹی پی) کے ڈیزائن ، سپلائی ، انسٹالیشن ، کمیشننگ اور ٹرائل رن ( ڈی ایس آئی سی ٹی ) کیلئے 424 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فائنانس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے 361.90 لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں جن میں سے اب تک 300.00 لاکھ روپے کے اخراجات ہو چکے ہیں ۔وزیر نے مزید کہا کہ زیر تعمیر منصوبوں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی تاخیر یا کمی کی صورت میں عمل آوری ایجنسی کو اطلاع دی جاتی ہے تا کہ کام کی رفتار تیز کی جا سکے ، فنڈز کا مناسب استعمال یقینی بنایا جا سکے اور عمارات مقررہ وقت میں مکمل کی جا سکیں ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایس ڈی ایچ سندر بنی میں دوسری منزل پر ٹائل /الیکٹریکل کام جاری ہے جبکہ مکینیکل کام بھی جاری ہے ۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ سی ایچ سی کالا کوٹ راجوری میں کے ایل ڈی 05 کی گنجائش والے ای ٹی پی کے ڈی ایس آئی سی ٹی کی الاٹمنٹ کا عمل جاری ہے ۔






