جموں….انفو…..وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایتی راج جاوید احمد ڈارنے ایوان کو آگاہ کیا کہ حکومت جموں و کشمیر نے یونین ٹیریٹری میں تمام انتظامی اکائیوں کی حدود کو مردم شماری 2021 کے عمل کے مکمل ہونے تک منجمد کر دیا ہے۔وزیر موصوف نے ایوان میں رُکن اسمبلی عبدالمجید بٹ ( لارمی )کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کی جانب سے جاری کردہ ایس او 53 آف 2025 بتاریخ27 فروری 2025 کے تحت یکم جولائی 2025 سے مردم شماری 2021 کی تکمیل تک جموں و کشمیر کی یونین ٹیریٹری میں اضلاع، تحصیلوں، بلدیات، قصبوں، ریونیو دیہات اور دیگر اِنتظامی اِکائیوں کی حدود منجمد رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ جموں و کشمیر پنچایتی راج ایکٹ 1989 کی دفعہ 2 (جے) کے مطابق پنچایت حلقوں کی حد بندی سختی سے آبادی کے اعداد و شمار کی بنیاد پر کی جاتی ہے اور پنچایت حلقوں کی حد بندی یا معقولیت سے متعلق کوئی بھی مشق مردم شماری 2021 کی تکمیل کے بعد ہی کی جا سکتی ہے۔وزیر موصوف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت اِنصاف اور مساوات کی بنیاد پر وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لئے پُر عزم ہے۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت پنچایت حلقوں کی ترقی اور انہیں کمیونٹی ڈیولپمنٹ (سی ڈی) بلاکوں کے ساتھ قربت، جغرافیائی حالات اور عوام کی سرکاری اِداروں و خدمات تک رَسائی کی بنیاد پر ہم آہنگ کرنے کے معاملے میں سنجیدہ ہے۔






