سری نگر میں8 محرم کا جلوس:
اے ڈی جی پی نے تیاریوں کو آخری شکل دی
سری نگر،26جولائی/یو این آئی/جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے 8محرم الحرام کے جلوس کو نکالنے کی اجازت دینے کے فیصلے کے پیش نظرایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی گئی۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) کشمیر زون وجے کمار نے بدھ کی سہ پہر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں پولیس اور سنٹرل آرمڈ پولیس فورسزکے آفیسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران محرم الحرام کے انتظامات ، چیلنجوں اور جلوس کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ کے دوران اے ڈی جی پی وجے کمار نے آٹھ محرم کے تاریخی جلوس کے دوران ممکنہ چیلنجوں سے نمٹنے اور نظم و نسق کو برقرار رکھنے کے لئے جامع حکمت عملی وضح کرنے پر زور دیا۔میٹنگ کے دوران جن اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا ان میں: اہلکاروں کی تعیناتی اور تکنیکی بہتری کے لحاظ سے حفاظتی اقدامات، عوامی اجتماعات اور مذہبی جلوسوں کی حفاظت کے لیے سیکورٹی فورسز کی تعیناتی ، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے اور پر امن ماحول کو برقرار رکھنے ، ٹریفک مینجمنٹ سسٹم ، محرم کے جلوسوں کے دوران ٹریفک کی روانی کو ہموار کرنے ، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور قانون کی پاسداری کرنے والے شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاعات اور کم سے کم رکاوٹیں کھڑی کرنے پر زور دیا گیا۔اے ڈی جی پی نے ایس ایس پی سری نگر راکیش بلوال کو ہدایت دی کہ جلوس کے دوران ڈرون کیمروں کے ذریعے لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر گزر رکھنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں۔اس اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جموں و کشمیر پولیس اور سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) کے درمیان قریبی تال میل بنائے رکھنے پر زور دیا گیا۔میٹنگ میں اے ڈی جی پی نے افسران کو ہدایت دی کہ آٹھ محرم الحرام کے حوالے سے سول انتظامیہ کے احکامات کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنائیں۔اے ڈی جی پی کشمیر نے تمام شہریوں سے چوکس رہنے، کسی بھی مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دینے کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ساتھ بھر پور تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی۔میٹنگ میں آئی جی سی آر پی ایف اجے یادو، آئی جی بی ایس ایف اشوک یادو، آئی جی سی آر پی ایف گیانیندر ورما، ڈی آئی جی پولیس جنوبی کشمیر، شمالی کشمیر اور وسطی کشمیرکے ڈی آئی جی ایز،ڈی آئی جی سی آر پی ایف، ڈی آئی جی آئی ٹی بی پی، ڈی آئی جی ایس ایس بی، ایس ایس پی سری نگر اور ایس ایس پی سیکورٹی نے شرکت کی۔یو این آئی






