جموں…. 28 جنوری /انفو/چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ ( ایس اے ایس بی ) کی 15 ویں ہائی لیول کمیٹی ( ایچ ایل سی ) کے اجلاس کی صدارت کی اور تمام متعلقہ محکموں اور اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ سالانہ شری امر ناتھ جی یاترا ( ایس اے این جے وائی ) 2026 کے آغاز سے کافی پہلے جامع انتظامات مکمل طور پر یقینی بنائے جائیں ۔ ڈی جی پولیس کے علاوہ اجلاس میں تمام ڈیپارٹمنٹس کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز ، سول ایڈمنسٹریشن ، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران شریک ہوئے ۔ ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔ ایڈوانس پلاننگ اور بروقت عملدرآمد پر زور دیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے ٹورازم ، پی ڈبلیو ڈی ، پی ڈی ڈی ، جل شکتی ، آر ڈی ڈی ، ایچ اینڈ یو ڈی ڈی ، انیمل اینڈ شیپ ہسبنڈری ، بی آر او ، ٹیلی کمیونیکیشن اور دیگر محکموں کو ہدایت دی کہ ٹینڈرنگ ، خریداری اور کنٹریکٹ سے متعلق تمام عمل اگلے مہینے کے اندر مکمل کر لیں ۔ ۔ انہوں نے زور دیا کہ کاموں کو جلد حتمی شکل دینا یاترا کے آغاز سے پہلے ہموار انتظامات کیلئے انتہائی اہم ہے ۔ سیفٹی کو سب سے بڑی ترجیح قرار دیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے ڈویژنل ایڈمنسٹریشن اور اننت ناگ اور گاندر بل کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ بال تل اور پہلگام دونوں روٹس پر تمام ڈیساسٹر پرون اور کمزور علاقوں کی نشاندہی کریں ۔ انہوں نے واضح طور پر حکم دیا کہ ایسے ہائی رسک زونز میں کوئی بھی یوٹیلیٹیز بشمول ٹینٹس اور عارضی ڈھانچے نصب نہ کئے جائیں ۔ محکمہ ڈیساسٹر مینجمنٹ ، ریلیف ، ری ہیبلی ٹیشن اینڈ ری کنسٹریکشن ( ڈی ایم آر آر اینڈ آر ) کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کرنے کی ہدایت دی گئی تا کہ یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مضبوط معیاری آپریٹنگ طریقہ کار تیار اور نافذ کئے جائیں ۔ انہوں نے یاترا کے علاقے کے اندر اور باہر کیمپوں اور ٹرانزٹ پوائینٹس پر ہولڈنگ کی صلاحیتوں کا جائیزہ لینے اور انہیں بڑھانے پر زور دیا ۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنروں سے کہا کہ وہ تمام سروس فراہم کرنے والوں کو سہولت فراہم کریں اور یقینی بنائیں کہ ہر مقام پر بنائی گئی سہولیات یاتریوں اور سروس اہلکاروں کیلئے مناسب ، موزوں اور کافی ہوں ۔ انہوں نے انٹر ڈیپارٹمنٹل کوارڈینیشن پر زور دیا اور دستیاب کام کے وقت کا بہترین استعمال کرنے کی تلقین کی تا کہ تمام انفراسٹرکچر اور خدمات یاترا کی مقررہ تاریخوں سے کافی پہلے مکمل طور پر تیار ہو جائیں ۔ مسٹر ڈولو نے ہر محکمہ اور ضلعی انتظامیہ کو تفویض کردہ مخصوص کرداروں اور ذمہ داریوں کا جائیزہ لیا اور مختلف کاموں اور خریداریوں کی تکمیل کیلئے بجٹ کے تقاضوں کا نوٹس لیا ۔ انہوں نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پر خصوصی زور دیا کہ ایچ ٹی /ایل ٹی پاور لائنوں کی بروقت دیکھ بھال کی جائے اور جل شکتی ڈیپارٹمنٹ کو یاترا روٹس کے ساتھ مطلوبہ کام مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ ٹریفک منیجمنٹ پر بھی تفصیلی بحث ہوئی ، چیف سیکرٹری نے جامع ٹریفک پلان تیار کرنے کی ہدایت دی تا کہ ٹریفک کی بھیڑ سے بچا جا سکے اور یاتریوں اور عام لوگوں کی ہموار آمدورفت یقینی بنائی جا سکے ۔ صحت کی تیاری ایک اور اہم فوکس رہی جس میں بیس ہسپتالوں چندن واڑی اور بال تل میں طبی عملے کی مناسب تعیناتی اور فعالیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ راستے میں صحت کی سہولیات کو مضبوط کرنے کی ہدایات دی گئیں ۔ میٹنگ میں اس بات پر غور کیا گیا کہ صرف آر ایف آئی ڈی میں رجسٹرڈ زائرین جو معتبر صحت کے سرٹیفکیٹ رکھتے ہوں وہی یاترا کر سکتے ہیں ۔ صفائی اور حفظانِ صحت کے انتظامات کا تفصیلی جائیزہ لیا گیا ۔ آر ڈی ڈی اور ایچ اینڈ یو ڈی ڈی کو ہدایت دی گئی کہ یاترا کے راستے اور گپھا کے قریب کافی تعداد میں بیت الخلاءاور غسل خانے نصب کئے جائیں ۔ محکمہ جات بشمول ایف سی ایس اینڈ سی اے ، ٹرانسپورٹ ، انفارمیشن ، آئی ٹی ، جنگلات ، بی ایس این ایل اور دیگر کو مشورہ دیا گیا کہ وہ پچھلے برسوں کی طرح اپنی معمول کی ذمہ داریاں ادا کریں ، جہاں ضروری ہو وہاں صلاحیت بڑھائیں اور مناسب بیک اپ منصوبے یقینی بنائیں ۔ میٹنگ کے دوران سی ای او ایس اے ایس بی ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری نے پچھلے سال کے انتظامات کا تفصیلی جائیزہ پیش کیا اور آئندہ یاترا کیلئے ضروریات کا خاکہ پیش کیا ۔ ڈویژنل انتظامیہ نے چیف سیکرٹری کو یقین دلایا کہ تمام شناخت شدہ مقامات پر مکمل طور پر اور فعال انتظامات کئے جائیں گے ۔






