جموں…انفو…لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے جموں میں ’سیوا پَرو‘ کے تحت محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کے زیر اہتمام منعقدہ ’سوچھتا وِجے اُتسو‘میں شرکت کی اور خطاب کیا۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے شہری اور دیہی تفاوت دور کرنے اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے اَپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جموں و کشمیر سے سچی وابستگی کا ثبوت گزشتہ 5 سے 6 برسوں کی کارکردگی میں دیکھا جا سکتا ہے۔اُنہوںنے عوامی صحت و بہبود کے فروغ اور صحت مند و خوشحال دیہات کے قیام کے لئے صفائی مہمات کی اہمیت پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ”تعلیم، سماجی بہبود، دیہی و شہری ترقی اور صحت جیسے شعبہ جات میں اقدامات ایک منصفانہ اور جامع معاشرے کی تعمیر کے لئے ناگزیر ہیں۔ ہمیں چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے دیہی جموں و کشمیر کو خوشحال بنانے کے اہداف حاصل کرنا ہوں ۔اُنہوں نے دیہی جموں و کشمیر کے لئے ماحولیاتی تحفظ سے متعلق بیداری پیداکرنے کی ایک خصوصی مہم چلانے کی ہدایت دی۔منوج سِنہا نے کہا، ”سیوا پَرو کو الگ مہم کے طور پر نہ دیکھا جائے بلکہ اسے طرزِ زِندگی کا حصہ بنایا جائے۔ ہمیں ایک متحد قومی شناخت قائم کرنے کی سمت قدم بڑھانا ہوگا تاکہ ہر ایک کی فلاح و خوشحالی یقینی بنائی جا سکے۔“اُنہوںنے متعلقہ حکام کو آبی ذخائر پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ اَپنی مقامی قدرتی وسائل پر ہونے والی تجاوزات کی اطلاع حکام کو دیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آئیے ہم سب مل کر ایک مضبوط اور محفوظ مستقبل کی تعمیر کریں۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف مقامات پر ’گوبردھن‘ بائیوگیس پلانٹوں اور فیکل سلج ٹریٹمنٹ پلانٹوں (ایف ایس ٹی پیز) کا سنگ بنیاد رکھا جو صفائی بھارت مشن (دیہی) کے تحت قائم کئے جائیں گے۔اُنہوں نے صفائی متروں سے بات چیت کی اور صفائی میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد (سوچھتا گرہیوں) کو اعزاز سے نوازا۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے 2025 کی امرناتھ یاترا پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی جاری کی جس میں بہترین صفائی کے طریقہ¿ کار کو اُجاگر کیا گیا۔اِس موقعہ پر ممبر پارلیمنٹ جُگل کشور شرما،چیئرمین ڈی ڈی سی جموں بھرت بھوشن، اراکین اسمبلی یُدھویر سیٹھی، وِکرم رندھاوا، اَروند گپتا، سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج محمد اعجاز، ڈی آئی جی جموں۔سانبہ۔کٹھوعہ رینج شیو کمار شرما، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں ڈاکٹر راکیش منہاس، ڈائریکٹر جنرل رورل سینی ٹیشن انو ملہوترا، سینئر اَفسران، سوچھتا گرہی، سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زِندگی سے تعلق رکھنے والے اَفراد موجود تھے۔






