سرینگر . 25جنوری …. ایس این این ….. جمہوریت کی طاقت شہریوں کی باخبر اور فعال شرکت میں مضمر ہے کی بات کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ ہر ووٹ قوم کی تقدیر کو تشکیل دینے کی طاقت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ووٹنگ کے حقوق کا شعوری اور اخلاقی استعمال شہریوں کو ایک مضبوط، منصفانہ اور ترقی پذیر ہندوستان کے حقیقی معمار بننے میں مدد دے سکتا ہے۔سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو 16 ویں قومی یوم رائے دہندگان کی تقریبات میں شرکت کی اور افسران اور اسٹیک ہولڈرس سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کی گہری طاقت کے بارے میں شہریوں میں بیداری پھیلانے کی کوششیں تیز کریں۔اس موقعہ پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ ووٹ کا حق محض آئینی استحقاق نہیں ہے بلکہ جمہوریت کا سنگ بنیاد ہے۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ لوگوں بالخصوص نوجوانوں اور پہلی بار ووٹ دینے والوں کو سوچ سمجھ کر اور ذمہ داری کے احساس کے ساتھ اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی ترغیب دیں۔سنہا نے کہا ” جمہوریت کی طاقت شہریوں کی باخبر اور فعال شرکت میں مضمر ہے۔ ہر ووٹ قوم کی تقدیر کو تشکیل دینے کی طاقت رکھتا ہے۔ “ انہوں نے مزید کہا کہ ووٹنگ کے حقوق کا شعوری اور اخلاقی استعمال شہریوں کو ایک مضبوط، منصفانہ اور ترقی پذیر ہندوستان کے حقیقی معمار بننے میں مدد دے سکتا ہے۔لیفٹنٹ گورنر نے جموں و کشمیر میں جمہوری عمل کو مضبوط بنانے اور رائے دہندگان کی بیداری بڑھانے کے لیے الیکشن کمیشن اور افسران کی بھی ستائش کی۔






